پاپ آئیکن ٹیلر سوئفٹ کے والد پر آسٹریلیا میں پاپرازی فوٹوگرافر پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
سڈنی کے ایک پاپرازو بین میکڈونلڈ نے آسٹریلوی میڈیا کو بتایا کہ اس نے پولیس رپورٹ درج کرائی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا کہ سکاٹ سوئفٹ نے اس کے چہرے پر گھونسہ مارا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا نے میکڈونلڈ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ 23 سالوں کے دوران مجھ پر ایسا حملہ کبھی نہیں ہوا۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سڈنی کے نارتھ شور کے علاقے میں ایک 71 سالہ نامعلوم شخص کی جانب سے کئے گئے مبینہ حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق پولیس کو بتایا گیا ہے کہ ایک 71 سالہ شخص نے مبینہ طور پر نیوٹرل بے وارف میں منگل کے روز ایک 51 سالہ شخص پر حملہ کیا، متاثرہ شخص نے واقعے کی اطلاع دی اور اب نارتھ شور پولیس ایریا کمانڈ سے منسلک افسران کے ذریعے انکوائری کی جا رہی ہے۔
ٹیلر سوئفٹ کے ترجمان کے مطابق جب یہ مبینہ واقعہ پیش آیا تو دو افراد سوئفٹ اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ جارحانہ سلوک کر رہے تھے۔
ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دو افراد جارحانہ انداز میں ٹیلر کی طرف بڑھ رہے تھے، اس کے سکیورٹی اہلکاروں کو پکڑ رہے تھے، اور عملے کی ایک خاتون رکن کو پانی میں پھینکنے کی دھمکی بھی دے رہے تھے۔
خیال رہے کہ سوئفٹ کا شمار اب تک کے سب سے کامیاب میوزک آرٹسٹ میں ہوتا ہے اور انہوں نے پیر کو سڈنی کے ایکور اسٹیڈیم میں 81,000 شائقین کے سامنے اپنا حالیہ شو کیا۔
سوئفٹ جمعہ کو سنگاپور میں بھی پرفارم کریں گی۔