ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سابق صدر آصف زرداری پر بانی پی ٹی آئی کے قتل کا الزام لگایا تھا جس پر ان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ہفتہ کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل تھہیم نے کیس کی سماعت کی اور شیخ رشید احمد اپنے وکلاء سردار شہباز اور دیگر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ شیخ صاحب پہنچ گئے ہیں، طبیعت کیسی ہے ؟ جس پر سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جی پہنچ گیا ہوں، طبیعت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔
جج کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ اس کیس میں دلائل ہونے ہیں ؟ جس پر وکلا سردار شہباز نے بتایا کہ سینئر کونسل نے دلائل دینے ہیں، وہ ہائی کورٹ الیکشن میں مصروف ہیں، آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔
شیخ رشید احمد نے استدعا کی کہ رمضان کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں۔
بعدازاں، جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل تھہیم نے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
سماعت کے بعد سابق وفاقی وزیر نے میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی۔
اس موقع پر صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ آپ الیکشن ہارے ہیں اس کے بارے میں کیا کہیں گے؟ جس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکش ہار گیا ہوں۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا الیکشن فری اور فیئر ہوئے ہیں جس پر سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ میڈیا کو سب پتہ ہے۔