سیمی فائنل میں سری لنکا ویمنز نے ٹاس جیت کرپاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی تاہم پاکستان ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر75 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
سری لنکا ویمنز نے 16.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پرمطلوبہ اسکور پورا کر لیا۔ پاکستان ویمنز کی طرف سے شوال ذوالفقار ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ منیبہ علی نے 13 اور عمائمہ سہیل نے 10 رنز اسکور کیے۔یہی تین کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔کپتان ندا ڈار9 عالیہ ریاض2 اور سدرہ امین3 رنز بناپائیں۔
سری لنکا کی طرف سے 38 سالہ لیفٹ آرم میڈیم پیسر اودیشیکا پرابودھانی نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کی پہلی وکٹ 17 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان اتاپتو14 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پرڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
انوشکا سنجیووانی کو 15 رنز پر ڈیانا بیگ نے آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والی تیسری بیٹر وشمی گونارتنے تھیں جو بغیر کوئی رن بنائے ام ہانی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئیں۔
ہارشیتھا سمارا وکرما اور نیلاکشی ڈی سلوا کی شراکت میں بننے والے 35 رنز نے سری لنکا کی جیت ممکن بنادی۔ سمارا وکرما 23 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں ۔ ڈی سلوا ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کو شکست دینے کے بعد سری لنکن ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔