فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تنظیم نو کے پلان پر عمل درآمد روک دیا گیا۔ نگران وفاقی کابینہ کی اصولی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا گیا ہے جبکہ نئی حکومت قائم ہونے کے بعد ایف بی آر کی تنظیم نو کے پلان پر ازسر نو کام شروع کیا جائے گا ۔
نگران وفاقی کابینہ نے ایف بی آر کی تنظیم نو کی حال ہی میں منظوری دی تھی ، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا ہے ۔ ایف بی آر کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے قانون سازی کرنا پڑے گی۔ اس حوالے سے ایک ہزار سے زیادہ ٹیکس قوانین میں ترمیم کرنا پڑے گی۔
اب یہ معاملہ نئی منتخب مخلوط حکومت کے سامنے رکھا جائے گا۔ وفاقی ٹیکس پالیسی بورڈ کا قیام مجوزہ پلان کا حصہ تھا۔کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے محکموں کو الگ کرنے کا منصوبہ بھی مؤخر کر دیا گیا ہے ۔ ایف بی آر کی ٹیکس مشینری نے تنظیم نو کے پلان پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔