انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال شیخ محمد بن زید النہیان کوئٹہ اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ویسکولر ڈیزیز کراچی (این آئی سی وی ڈی) کراچی کے مابین امراض قلب کے علاج و معالجہ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کو ترقی پذیر صوبہ بنانے کے لئے عسکری قیادت اور ضلعی انتظامیہ ہر قدم پر کوشاں ہیں۔ کوئٹہ میں بلوچستان کے پہلے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال شیخ محمد بن زید النہیان کوئٹہ اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ویسکولر ڈیئزیز کراچی کے مابین بچوں کے امراض قلب کے علاج و معالجہ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
این آئی سی وی ڈی انسیٹیوٹ بچوں کے امراض قلب کے لئے ابتدائی طور پر ہر 15 روز کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ کوئٹہ کو فراہم کرے گی۔
ڈاکٹروں کی ٹیم فراہم کرنے سے صوبہ بلوچستان میں قائم اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی سی کیو اسپتال کوئٹہ میں بچوں کے امراض قلب کے علاج و معالجہ کی مفت سہولیات فراہم ہونگی۔
آئی سی کیو میں اب تک 100 سے زائد کامیاب آپریشنز اور 1300 انجیوگرافی سرجریز کرائی جاچکی ہیں، کارڈیک سرجریز کے ساتھ ساتھ 500 سے زائد کامیاب انجیو پلاسٹس سرجریز بھی کی جا چکی ہیں۔ آئی سی کیو میں کامیاب سرجریز کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔