بھارت میں کسانوں کا دہلی چلو مارچ کے چھٹے دن بھارتی کسانوں کے حق میں دوسرے مذاہب کے افراد بھی شامل ہونے لگے۔ کیریلا کا چرچ آف سائوتھ انڈیا بھی دہلی چلو مارچ کے حق میں سامنے آگیا۔
دہلی چلو مارچ کے چھٹے دن بھارتی کسانوں کے حق میں دوسرے مذاہب کے افراد بھی شامل ہونے لگے۔ کیریلا چرچ آف سائوتھ انڈیا کے پادری ملائل سابو کوشے نے کہا کہ ہم اس احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔ زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے کسانوں کو ان کے حقوق دینا ہوں گے۔
پادری ملائل سابو کوشے کا کہنا ہے کہ ہم حکومت پر زور دیتے ہیں کہ یا تو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے معاہدے سے دستبردار ہو جائے یا کسانوں کی شرائط پر نظر ثانی کرے۔
کانگریس نے بھی مودی حکومت کو بھارتی کسانوں کے لیے بدترین قرار دے دیا۔ بھارتی کسانوں نے مطالبات کی منظوری تک مارچ جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ مودی سرکار کے مسلسل جھوٹے دعوے ملک کو خوراک فراہم کرنے والے کسانوں کے لیے سخت آزمائش ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کو نکلنے والی کسانوں کے "دہلی چلو مارچ" کو شمبھو اور خانوری کے سرحدی علاقوں میں مودی کے سیکورٹی اہلکاروں نے آچ چھٹے دن بھی روکا ہوا ہے، کسانوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔