نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم ہے اور الیکشن کمیشن بھی اس معاملہ پر کارروائی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں اور نظام پر اعتماد کرنا چاہئے، قانونی عمل چل رہا ہے تو اس کا انتظار کیا جانا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور نوٹیفکیشن ملتے ہی اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری صدرکو بھجوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی جائے گی۔