شام کے دارالحکومت دمشق میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ پاکستانی سفیر شاہد اختر علوی سمیت سفارتکار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گزشتہ روز دمشق میں بھی پاکستانی سفارتخانے نے یوم یکجہتی کشمیر منایا۔
تقریب میں شرکاء نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے انتھک جدوجہد کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ پاکستانی سفیر ایئر مارشل ریٹائرڈ شاہد اختر علوی نے خصوصی خطاب میں تنازعہ کشمیر کی تاریخ اور بھارتی مظالم پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر شرکاء کو بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم کی ویڈیوز دکھائی گئیں ۔ کشمیر سے متعلق شامی مصوروں کی پینٹنگز کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔