نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ جمہوری حکومتیں مقامی حکومتوں کو مفلوج کردیتی ہیں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ہمارے جمہوری نظام میں بہت سی خامیاں ہیں، ہمارے انتخابی عمل میں خرابیاں ہیں، انتخابات کے نتائج پر بھی سوالیہ نشان رہے ہیں لیکن نقائص کے باوجود انتخابات ہونے چاہئیں اور انتخابی عمل چلتے رہنا چاہیے۔
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حلف اٹھاتے ہی چیف الیکشن کمشنر کو ملنے کیلئے فون کیا، مجھے پتا تھا پہلی کابینہ بریفنگ میں مجھ سے الیکشن کا سوال ہوگا، مستقل مزاجی سے کہتا رہا ہوں الیکشن مقررہ تاریخ پر ہی ہوں گے، الیکشن کی تاریخ کے بعد بہت سارے طوفان آئے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ہر تنازعہ کے بعد کہا گیا الیکشن نہیں ہوں گے، وزیراعظم بھی کہتے رہے الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، سیکیورٹی اور موسم کے مسائل ہمیشہ رہے ہیں، 2008، 2013 میں بھی سکیورٹی کا مسئلہ تھا، پاکستان مختلف طرح کے بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی کی واپسی، معاشی مسائل کا سامنا ہے، ملک میں ٹیکس اصلالات کی ضرورت ہے، جمہوری حکومتیں مقامی حکومتوں کو مفلوج کردیتی ہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد وسائل صوبوں کو گئے، وہ وسائل مقامی حکومت کو منتقل نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے مسائل کا بھی سامنا ہے، الیکشن ملک میں اشرافیہ کو منتخب کرنے کیلئے ہی ہوتے ہیں، عوام کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، لیول پلیئنگ فیلڈ کا کہنے والوں کی اپنی پارٹی میں جمہوریت نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے نہیں پوچھا جاتا کہ قومی اسمبلی میں ٹکٹ کس کو دیں، نالیوں کے مسائل کا حل مقامی حکومتوں کا کام ہے، سیاست ضرور کریں لیکن ملک کے مستقبل پر نہیں۔