اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نےکہا ہے کہ امریکا کی حمایت سے سعودی عرب کیساتھ امن معاہدہ ہوسکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے نیویارک میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی اور اسرائیل - سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلئے ایک تاریخی معاہدے کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
نیتن یاہو کےدسمبر میں اقتدار میں آنے کے بعد سے پہلی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اپنے تعلقات میں تناؤ کو کم کرنے کی خواہش کا اشارہ دیا، لیکن امریکی صدر بائیڈن نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے اختلافات پر بات کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
امریکی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ میرے خیال میں جناب صدر!آپ کی قیادت میں ہم اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی امن قائم کر سکتے ہیں۔