ماسکو ایکس چینج میں 2023 کے دوران چینی کرنسی کی ٹریڈنگ کا حجم امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا جو غیر ملکی زرمبادلہ کے لین دین کے کل حجم کا تقریباً 42 فیصد رہا ہے۔
چینی میڈیا نے روسی اخبار کے حوالے سے لکھا کہ 2023 میں ماسکو ایکسچینج میں چینی کرنسی آر ایم بی کا تجارتی حجم 34.15 ٹریلین روبل تک جا پہنچا جو 2022 کے حجم سے دوگنا زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں ماسکو ایکسچینج میں ٹریڈ ہونے والےامریکی ڈالر کا حجم تقریباً 32.49 ٹریلین روبل رہا جو لین دین کے مجموعی حجم کے 40فیصد سے بھی کم ہے۔
اس کے علاوہ یورو 14.6 ٹریلین روبل کے حجم کے ساتھ تیسرے نمبر پر ٹریڈ کیا گیا جو مجموعی طور پر 18فیصد سے بھی کم ہے جبکہ 2022 میں ماسکو ایکسچینج میں امریکی ڈالر اور یورو کا مشترکہ حصہ 87فیصد تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ایکسچینج نے چینی کرنسی آر ایم بی اور روبل کی تجارت کے لئے تین نئے اقدامات متعارف کروائے تھے جس کا مقصد مارکیٹ کے شرکا کے لئے ایکس چینج آپریشنز کی سہولت میں اضافہ کرنا اور تجارتی خطرات کو کم کرنا ہے۔