ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں دسمبر کے دوران سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 1.400 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو دسمبر 2022 کے مقابلہ میں 3 فیصد زیادہ ہے۔ دسمبر 2022 میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 1.355 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
اعداد وشمار کے مطابق نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کااضافہ ہوا۔ نومبرمیں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 1.319 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواجو دسمبرمیں بڑھ کر 1.400 ملین ڈالر ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا مجموعی حجم 8.283 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کاحجم 8.716 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔