ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں کینیا میں قتل کیے گئے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی کارروائی روک دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گواہان کی عدم پیشی اور عدم دلچسپی کے باعث کارروائی کی فائل ریکارڈ روم بھیج دی گئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے کے مطابق 16 مارچ کو ارشد شریف قتل کیس میں عدالت کو پینل کوڈ سیکشن512 کا چالان موصول ہوا، 5 اپریل کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت نے گواہان کو طلبی کا نوٹس بھیجا، متعدد بار بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے گواہان کو طلب کیاگیا لیکن کوئی پیش نہ ہوا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس میں گواہان کی بیان ریکارڈ کروانے میں دلچسپی نہیں،15 مرتبہ پراسیکیوشن کو ثبوت جمع کروانے کا موقع دیا گیا۔ گزشتہ سماعت پر پراسیکیوشن کو نوٹس دیا کہ کیوں نہ فائل ریکارڈ روم بھیج دی جائے، پراسیکیوٹر کے مطابق پرائیویٹ اور سرکاری گواہان بیانات ریکارڈ کروانےعدالت نہیں آرہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گواہوں کی پیشی دیکھتے ہوئے پراسیکیوشن نئی تاریخ کیلئے درخواست دائر کرسکتی ہے، آئندہ احکامات تک ارشد شریف قتل کیس کی فائل کو ریکارڈ روم بھیج دیا جاتاہے۔