بلوچستان کے علاقے ہنہ اورک میں قبائلی عمائدین اور ایف سی بلوچستان کے مابین جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور سیلاب کے بعد بحالی کے منصوبوں و ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال ہوا۔
جرگے میں آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ اور کمشنر کوئٹہ سمیت علاقہ مکینوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا۔ قیام امن کیلئے پاک فوج اور ایف سی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
ہنہ اورک کمیٹی ممبران نے کہا کہ علاقے میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا تھا۔ ایف سی بلوچستان نے ہمیں بہت مدد فراہم کی۔ پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کی کوششوں سے ہنہ اورک اور ولی تنگی ڈیم روڈ کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی اور صحت و تعلیم کے مختلف منصوبے قابل ستائش ہیں۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ مقامی لوگوں کے ساتھ ہر شعبہ زندگی میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔