تُرکیہ میں ایک مشہور اداکارہ نے سر میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ مرف کایا الپ نے صوبہ موگلا کے علاقے دالامان میں واقع اپنی رہائشگاہ میں والد کی لائسنس یافتہ پستول سے سر میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ کے اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ انہوں نے رہائشی عمارت کی بالکونی سے گولی چلنے کی آواز سنی، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو انہیں گھر میں اداکارہ کی لاش ملی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے مرف کایا الپ کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور تحقیقات کیلئے فارنزک میڈیسن انسٹی ٹیوٹ کے مردہ خانے میں منتقل کردیا۔
ترک اداکارہ کی افسوسناک موت کی خبر سے فنکار برادری اور عوامی حلقوں میں صدمے کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹ کے مطابق مرف کایا الپ کئی ٹیلی ویژن کی سیریزوں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جن میں ’’دی واریر، میٹر آف آنر، اسکاریہ فرات، دی لٹل ڈے، ڈریمز اینڈ ہوپس اور ایلف قابل ذکر ہیں۔