بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی آئرہ خان نے نوپور شیکھرے سے شادی کر لی، شادی کے بعد پہلی تصویر بھی سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عامر خان کی بیٹی آئرہ خان اور نوپور شیکھرے شادی کے بندھن میں بندھ گئے، دونوں ہی شادی کے بعد کافی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، شادی کے موقع پر عامر خان بھی نم آنکھوں کے ساتھ موجود تھے۔
View this post on Instagram
ممبئی کے علاقے باندرہ کا ہوٹل تاج آئرہ اور نوپور کی ازدواجی زندگی کے آغاز کا گواہ بنا، دولہا اور دلہن نے نئے سال میں شادی کا فوٹو شوٹ کروایا تھا۔
آئرہ خان اور نوپور شیکھرے کی منگل کو ہلدی کی تقریب کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، ہلدی کی تقریب میں اہل خانہ اور دوست احباب موجود تھے، رپورٹ کے مطابق ہلدی کی تقریب سلمان خان کے گھر ہوئی تھی، شادی کے بعد دونوں راجستھان کے شہر جے پور میں استقبالیہ دیں گے۔
نوپور شیکھرے اور آئرہ خان پچھلے کچھ سالوں سے ریلیشن شپ میں تھے، ستمبر 2022ء میں نوپور نے آئرہ خان کو شادی کی پیشکش کی تھی، جس پر آئرہ خان نے بھی ہاں کہہ دی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوپور شیکھرے عامر خان کو ٹریننگ دیتے تھے، اسی دوران نوپور کی آئرہ سے دوستی ہوئی تھی، آئرہ خان ڈپریشن کا شکار تھیں، آئرہ نے ہمیشہ ڈپریشن کے بارے میں کھل کر بات کی، اس کے بعد آئرہ خان اور نوپور نے جم میں ٹریننگ شروع کردی، آئرہ خان کو ٹریننگ کے دوران نوپور سے پیار ہوگیا اور اس کے بعد دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ممبئی کے تاج ہوٹل میں شادی کی تقریب میں عامر خان کے خاندان اور دوستوں نے شرکت کی، شادی کی تقریب میں نوپور بنیان اور نیکر میں شریک ہوئے اور شادی کی دستاویز پر دستخط کئے، اس موقع پر مہمانوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس کے علاوہ خاندان نے ایک فوٹو شوٹ بھی کرایا، جس میں دولہا نے نیلے رنگ کا قمیص شلوار اور شیروانی زیب تن کی جبکہ آئرہ نے سبز اور گلابی رنگ کا لباس زیب تن کیا۔ اس فوٹو شوٹ میں عامر خان اور آئرہ کے دونوں بھائیوں نے بھی دولہا دلہن کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
آئرہ خان اور نوپور شیکھرے شادی کے بعد راجستھان کے شہر جے پور میں استقبالیہ دینے جارہے ہیں، اس استقبالیہ میں بالی ووڈ کے ستارے شرکت کرنیوالے ہیں، شادی کے موقع پر عامر خان بھی کافی خوش نظر آئے۔ بیٹی کی شادی کی رسومات کے دوران عامر خان کی آنکھوں میں آنسو جھلکتے نظر آئے۔