بلوچستان کے اہم شہر ہرنائی کا ریلوے سیکشن 17 سال بعد بحال کردیا گیا، مال گاڑی 21 بوگیوں کے ساتھ پہنچ گئی۔
بلوچستان کا ضلع ہرنائی وسائل سے مالامال علاقہ ہے، جس کے پہاڑ معدنیات کی دولت سے بھرے پڑے ہیں، جبکہ یہ علاقہ زرعی اجناس اور پھلوں کی پیداوار کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے نے 17 سال بعد ہرنائی سبی ریلوے سیکشن بحال کردیا، تقریباً 2 دہائیوں بعد پہلی بار مال گاڑی 21 بوگیوں کے ساتھ ہرنائی پہنچی۔
رپورٹ کے مطابق مال گاڑی چلنے سے سبزی اور پھلوں سمیت ہزاروں ٹن کوئلہ ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاسکے گا، اس سے محکمہ ریلوے کو بھی خطیر رقم حاصل ہوگی۔
ریلوے سیکشن کی بحالی سے علاقے کے عوام کو بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور علاقہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔