پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے استعفیٰ دیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا، وہ 2004ء سے اس عہدے پر براجمان تھے۔
عارف حسن کا کہنا ہے کہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، صدارت سے استعفیٰ صحت کے مسائل کی وجہ سے دیا، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی صدارت اعزاز ہے۔
عارف حسن نے اپنے استعفے میں لکھا کہ خرابی صحت کی وجہ سے پی او اے کا عہدہ چھوڑ رہا ہوں اور یکم جنوری 2024ء کو پی او اے سے الگ ہوجاؤں گا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے میڈلز کا موازنہ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ 1990ء سے 2022ء کے دوران بھارت کے میڈلز میں اضافہ اور پاکستان کے میڈلز میں کمی ہوئی۔
احسن اقبال نے عارف حسن کا نام لے کر ان سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ اس حوالے سے وضاحت کریں گے؟، کیونکہ وہ 2004ء سے پی او اے کے سربراہ ہیں۔