استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق پشاورہائیکورٹ کا فیصلہ حدود سے تجاوز اور عوامی امنگوں کے برعکس ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ قوم کو یکطرفہ اور عجلت میں ہونے والے فیصلوں پر سخت تشویش ہے، ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے دوبارہ رعایت کے مستحق نہیں۔
آئی پی پی سربراہ نے سوال اٹھایا کہ ملکی تشخص کو مجروح کرنے والوں سے نرمی کیوں برتی جائے؟۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال تک ملکی معیشت سے کھلواڑ کیا، ماضی میں لاہور ہائیکورٹ پر اعتراض کرنیوالے اب کیوں خاموش ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی جماعت کو انتخابی نشان دینا یا واپس لینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، انتخابی نشان کی بیساکھی سے لولی لنگڑی پارٹی کو دوبارہ کھڑا نہیں کیا جاسکتا۔