الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے احکامات پر انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) اسلام آباد اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) عرفان نواز میمن کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کے خلاف شکایات پر دونوں کو عہدوں سے تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن واضح احکامات کے باوجود عہدوں سے نہ ہٹائے جانے پر الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو 26 دسمبر کو طلب کر رکھا تھا۔
تاہم ، پیر کے روز اسٹیلبشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ اکبر ناصر خان اور عرفان نواز میمن کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تبدیلی کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت جاری کیں اور ان عہدوں پر تقریروں کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو پینل تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔
انوار الحق کاکڑ کے سیکرٹری خرم آغا کی جانب سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کی جگہ تعیناتی کیلئے پینل آف آفیسرز تجویز کرے۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعظم نے احد چیمہ کو بھی عہدے سے ہٹانے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کر دی ہے۔