پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہم نے پیپلزپارٹی کے خلاف ہمیشہ جیت کر عوام کی خدمت کی ہے اور پیپلز پارٹی ہماری سیاسی حریف ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پارٹی قائد نوازشریف اپنا کیس عوام کی عدالت میں لیکر جائیں گے، ووٹ کو عزت تب ملے گی جب معیشت ترقی کرے گی، ہم سائفر کی بنیاد پر نہیں بلکہ ملک کو ترقی دینے کی بنیاد پر الیکشن لڑنے آئے ہیں۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے شیر میدانِ عمل میں آ چکے ہیں، شیر کا نشان بے شمار قربانیوں کا نشان ہے، نواز شریف کو اقامے کی بنیاد پر نا اہل کیا گیا اور ملک کو میٹرو، بجلی کی سہولت اور ترقی دینے والے نواز شریف کو ملک بدر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی دعاؤں سے نواز شریف پھر میدان عمل میں ہیں، نواز شریف جب جب آیا ملک نے ترقی کی، ملک کے عوام چوتھی بار پھر نواز شریف کو لارہے ہیں، ہم کوئی یوٹرن نہیں لیتے ، یہ ترقی کی سیدھی موٹروے ہے، نواز شریف ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لیکر جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 50لاکھ نوکریوں اور گھروں کا وعدہ نہیں کریں گے عملی اقدامات کریں گے، 9 مئی کا جرم کرنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی، مریم نواز، حمزہ، شہباز شریف سے ڈر کر انہیں گرفتار کیا گیا، 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر ہمیں ہرایا گیا ہم نے شکوہ نہیں کیا، شہداء کی توہین کرنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں ملنی چاہئے۔