ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مدد سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، عوام کو بہت جلد سیٹیلائٹ انٹرنیٹ دستیاب ہوگا جبکہ موجودہ نیٹ ورک میں بھی کافی بہتری آئے گی۔
نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار کرنے کیلئے ایس آئی ایف سی فورم سے اہم فیصلوں کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو ہوگا ۔ اس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ عسکری و سیاسی قیادت کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کی موجودگی فیصلہ سازی میں معاون ہوتی ہے۔ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی موجودگی سے آنے والی حکومت بھی ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی مفادات کے فیصلے بروقت کرسکے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ سال 2014 سے سینکڑوں میگاہرٹز اسپیکٹرم کا کیس محکمانہ تاخیر کی وجہ سے عدالت میں زیرِ بحث رہا۔ اس معاملے کو ایس آئی ایف سی کے فورم پر اٹھایا گیا جس کے بعد سندھ کی عدالت عالیہ نے روزانہ کی بنیادوں پر کیس کی سماعت کی اور 14 دسمبر کو فیصلہ سنایا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ملک کی پہلی خلائی پالیسی کی تیاری اور اس کی متعلقہ فورمز سے منظوری میں ایس آئی ایف سی کا مرکزی کردار رہا ہے۔ عوام کو بہت جلد سیٹیلائٹ انٹرنیٹ بھی دستیاب ہوگا جبکہ موجودہ نیٹ ورک میں بھی کافی بہتری آئے گی۔