انگلینڈ کے اسپن باؤلنگ آل راؤنڈر ریحان احمد نے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) 2024 کی نیلامی سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔
آئی پی ایل مارچ 2024 سے مئی کے آخر تک کھیلے جانے کا امکان ہے،تاہم، ہندوستان میں عام انتخابات کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے بعد حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
ایڈیشن 2024 کی نیلامی آج دبئی میں ہوگی اور اس میں کل 333 کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں سے 214 ہندوستانی اور 119 غیر ملکی کرکٹرز ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ ( ای سی بی ) نے آئی پی ایل کو بتایا ہے کہ اس کے کھلاڑی پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے، لیکن اگر کسی کھلاڑی کو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے وقت یا انتظام درکار ہوا تو بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کھلاڑی اور اس کی فرنچائز دونوں کے ساتھ براہ راست رابطہ کریں گے۔
ہیری بروک، فل سالٹ، کرس ووکس اور عادل رشید انگلینڈ کے ان سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل ہوئے ہیں۔
تاہم، 19 سالہ آلراؤنڈر ریحان احمد نے آج ہونے والی نیلامی سے خود کو دستبردار کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریحان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اگلے سال کے اوائل میں بھارتی دورہ پر ہوں گے اور ای سی بی نہیں چاہتا کہ وہ ابھی ہوم گراؤنڈز سے باہر نکلیں۔