ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر0.4 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے بڑی صنعتوں کی پیداوار(ایل ایس ایم)سے متعلق جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکا اشاریہ 112.33 پوائنٹس ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 0.4 فیصدکم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بڑی صنعتوں کی پیداوار(ایل ایس ایم) کا اشاریہ 112.82 پوائنٹس ریکارڈکیاگیاتھا،اکتوبرمیں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 111.06 پوائنٹس ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 4.1 فیصدکم ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں خوراک کے شعبہ میں 0.6 فیصد، کوک اینڈپیٹرولیم مصنوعات 0.5 فیصد، کیمکلز 0.2 فیصد، ملبوسات 4فیصد، فارما 1.7 فیصد، غیردھاتی معدنیات 0.3 فیصد، مشنیری وآلات 0.2 فیصد، اوردیگرمینوفیکچرنگ کی پیداوارمیں 0.1 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے۔
اس کے برعکس ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداوارمیں 3.1 فیصد، آئرن وسٹیل 0.1 فیصد،آٹوموبائل 1.5 فیصد، تمباکو0.8 فیصد، برقی آلات 0.5 فیصد، پیپراینڈبورڈ0.1 فیصد، اورٹرانسپورٹ آلات کی پیداوارمیں 0.1 فیصدکی کمی ہوئی۔