پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار نیوزی لینڈ کیخلاف 18 دسمبر کو کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے باہر ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کپتان ویمن ٹیم ندا ڈار 11 دسمبر کو کوئنزٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران چہرے پر گیند لگنے سے میدان سےباہرچلی گئی تھی، وہ کنکشن کی علامات ظاہر ہونے کے بعددوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے باہر ہو گئی تھیں۔
آج شام ڈاکٹر اور ٹیم فزیو کی طرف سے معائنہ کے بعد آل راؤنڈر ندا ڈار کی طبیعت میں پچھلے دو دنوں سے کافی بہتری آئی ہے۔ تاہم کھلاڑی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ندا ڈار کو مزید آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور اس لیے وہ دورے کے آخری میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔
تیسرے ون ڈے سے باہر ہونے پر ندا ڈار کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ میں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے آخری میچ کے لیے ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔ مجھے یقین ہے کہ تمام کھلاڑی تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی میدان میں اسی جذبے کے ساتھ کھیلتی نظر آئیں گی اور جیت کے ساتھ دورے کا اختتام کریں گی۔
واضح رہے کہ کپتان ندا ڈار کی غیر موجودگی میں فاطمہ ثنا ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔