او جی ڈی سی ایل نے کنر پساکھی ڈیپ فیلڈ حیدر آباد سے پاکستان کے توانائی کے منظر نامہ کو مضبوط بنانے کےلئے اضافی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل سے جاری اعلامیہ کے مطابق اپنی پروڈکشن آپٹیمائزیشن مہم کے طور پر او جی ڈی سی ایل نے آپریشنل ترمیمات اوران ہاؤس کمپریشن انتظامات کو لاگو کیا جس کے نتیجہ میں کے پی ڈی فیلڈ میں 6 کم پریشر والے کنوؤں سے گیس دوبارہ سسٹم میں شامل ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق مذکورہ اقدام کے نتیجے میں 16 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس، 150 بیرل یومیہ خام تیل اور 18 میٹرک ٹن یومیہ ایل پی جی کا متاثرکن اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق 11 دسمبر 2023 سے سسٹم میں اضافی حاصل ہونے والی گیس کو بغیر کسی رکاوٹ کے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے نیٹ ورک میں شامل کردیا گیا ہے۔
صوبہ سندھ میں ضلع حیدرآباد سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کے پی ڈی فیلڈ او جی ڈی سی ایل کے پورٹ فولیو میں ایک اہم اثاثہ ہے۔ فی الحال یہ فیلڈ 1600 بیرل یومیہ خام تیل، 107 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس، اور 195 میٹرک ٹن یومیہ ایل پی جی پیدا کر رہی ہے۔