الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت لاہور میں پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقادکیا گیا، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ شہر لاہور کے لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل اور نوکریوں کی تلاش میں ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گی۔ اس کے پلیٹ فارم سے شہر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو آئی ٹی کی مہارت کی تربیت اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی پرجوش پروگرام بنو قابل کے ذریعے نوجوان چھ ماہ میں آئی ٹی کورسز میں مہارت حاصل کرکے باعزت طریقے سے روزگار کمانا شروع کر سکیں، آئی ٹی کورسز کیلئے امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے قابلیت جانچنے کے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔
انکا کہنا تھاکہ ابتدائی طور پر اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سیکورٹی، گرافک اینڈ موشن ڈیزائن اور دیگر مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔
انجیئنرحمد حماد کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت طلباء میں تیزی سے پیداواری صلاحیتیں اور قابلِ قدر ملازمتیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ پروفیشنل اور افراد کو اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن شہر کے قابل نوجوانوں کو ایسا بنا دے گی کہ نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لئے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں گے۔