نگراں حکومت نے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نئی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے اسکیم کو فروغ دینے کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے ہیں اور اس مد میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 20 ارب روپے منتقل کیے جا چکے ہیں۔
نگراں وزیر خزانہ کے مطابق اس اسکیم کے تحت 100 ڈالر سے زائد ترسیلات زر کو بغیر کسی فیس کے یہاں وصول کیا جا سکے گا۔ اسکیم کے مطابق ترسیلات زر بھیجنے والوں کو پوائنٹس دیے جائیں گے جن کے تحت وہ کئی سرکاری اداروں سے خدمات اور اشیا رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکیں گے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ اس اسکیم کے مطابق حکومت پاکستان ایکسچینج کمپنیوں کے لیے بھی مراعات فراہم کرے گی۔ اس سکیم کے تحت مالی اداروں کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے کے حوالے سے مارکیٹنگ کے بدلے مراعات دی جائیں گی۔
نگراں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کی جائے گی اور اس کے تحت قانونی ذرائع سے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے والوں کو نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔