پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پہلے اسلامک سکوک بانڈز کی نیلامی کا آغاز ہوگیا ہے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسٹاک ایکس چینج میں پہلے سکوک بانڈ کی نیلامی کا افتتاح کیا۔ فروری تک بانڈز کی تین نیلامیوں سے 90 ارب روپے کا ہدف مقرر ہے۔
بین الاقوامی اسلامی بینک، مالیاتی ادارے، غیرملکی سرمایہ کار، بیرون ملک مقیم پاکستانی اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈر سبھی نیلامی میں بولی لگانے کے اہل ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق سکوک کا اجراء ملک میں اسلامی بانڈ مارکیٹ کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا اور چھوٹے سرمایہ کاروں کو شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کی طرف راغب کرے گا۔
اس سے قبل افتتاحی تقریب سے خطاب میں نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج سرمایہ کاری کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، اسٹیک ہولڈرز کو معیشت کی بحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔حکومت سرمایہ کاروں کوہرممکن سہولت فراہم کرتی رہےگی۔