پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات، گاڑیاں اور الیکٹرانک سامان کے بعد تعمیراتی سریا کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روپے کی قدر میں اضافے کے زیراثر مارکیٹ میں سریے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے،تاجروں کے مطابق فی ٹن سریے کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار سے کم ہوکر 2 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں لوکل سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 45 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ برانڈڈ سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 63 ہزار سے 2 لاکھ 65 ہزار تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، تعمیرات میں استعمال ہونے والے بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں بھی آسمان پر جا پہنچی ہیں۔
تعمیراتی شعبہ سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ اشیا کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے گھر بنانے کا بجٹ بنانا بھی دشوار ہو گیا ہے اور بجری، سیمنٹ، سریا، اینٹیں مہنگی ہونے سے تعمیر کا ٹھیکہ بھی غیر معمولی بڑھتا جا رہا ہے جبکہ بڑے اور چھوٹے شہروں میں تعمیرات کا کام بھی پہلے کی طرح دکھائی نہیں دیتا۔