پاکستان سپر لیگ میں 8 ٹیموں کی شمولیت سے آمدن میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 2025 کے مقابلے میں 2026 میں منافع دو ارب سے بڑھ کر ساڑھے 7 ارب روپے ہوگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کی آمدن اور اخراجات سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ میں پیش کردہ تفصیل کے مطابق 2026 میں لیگ کو 6 ٹیموں سے بڑھا کر 8 ٹیموں تک توسیع دینے سے مالی فوائد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پی ایس ایل 2026 پر دو ارب 64 کروڑ 54 لاکھ سے زائد اخراجات ہوئے جبکہ مجموعی آمدن 10 ارب 19 کروڑ 52 لاکھ سے زائد رہی۔ پی ایس ایل سیزن 11 سے پی سی بی کو قبل از ٹیکس 7 ارب 54 کروڑ 98 لاکھ سے زائد کا منافع ہوا۔ مرکزی ریونیو پول میں پی سی بی کا حصہ ایک ارب انتیس کروڑ روپے سے زائد ہے ۔
پی ایس ایل 2025 کے دوران پی سی بی کو دو ارب جبکہ پی ایس ایل 2024 کے دوران پی سی بی کو دو ارب 46 کروڑ کا منافع ہوا تھا۔ پی ایس 2025 کے مقابلے میں 2026 میں منافع 5 ارب 48 کروڑ روپے سے زائد رہا۔





















