سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کیلئے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پرکشش ریڈ بال کنٹریکٹس دینا ہوں گے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ طویل فارمیٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کی وابستگی مضبوط بنانے کیلئے یہ ایک بہترین ترغیب ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت کھلاڑی ہر سیزن میں کم از کم پانچ فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے پابند ہوں گے۔
سابق کپتان کے مطابق اس سے کھلاڑی اپنے نیچرل اسٹائل سے کھیلنے کی صلاحیت تبدیل کرنے یا صرف فرنچائز کرکٹ کے پیچھے بھاگنے کی غلطی نہیں کریں گے۔
شعیب ملک نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ادھوری مہارت نہیں چلتی، اس وقت ایسے پُرعزم کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو ہر چیلنج کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں۔






















