بالی ووڈ سُپر اسٹار رنبیر کپور کی میگا تھرلر ایکشن فلم ’’اینیمل‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’اینیمل‘‘جمعہ کو بھارت سمیت دُنیا بھر میں ریلیز کی گئی، جس نے باکس آفس پر دھوم مچادی۔
بھارتی فلمسازوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر فلم کی کامیابی اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ پوسٹ میں ’انیمل‘ کا پوسٹر شیئر کرکے بتایا گیا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن 116 کروڑ کا بزنس کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق فلم ’اینیمل‘ کی شاندار کامیابی پر رنبیر کپور، رشمیکا مندانا، بوبی دیول اور انیل کپور سمیت پوری ٹیم بہت خوش ہے۔
واضح رہے کہ ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول ولن کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ساؤتھ کی مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا نے ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ انیل کپور بھی فلم کا حصہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’اینیمل‘‘ کو یکم دسمبر کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیا گیا۔