افریقا میں فوجی مشقوں کے دوران امریکی فوج کے دو اہلکار لاپتہ ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مراکش میں جاری مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران دو امریکی فوجی اہلکار لاپتہ ہو گئے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق لاپتہ فوجیوں کی تلاش کے لیے مراکش اور دیگر اتحادی ممالک کی افواج کے ساتھ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
امریکی فوج کی افریقہ کمانڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز مراکش کے جنوب مغرب میں واقع ’کیپ ڈرا ٹریننگ ایریا‘ میں پیش آیا، جو بحرِ اوقیانوس کے ساحل کے قریب واقع ہے۔ دونوں فوجی اہلکار ’افریقن لائن‘ نامی سالانہ فوجی مشقوں میں مصروف تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا، مراکش اور مشقوں میں شریک دیگر اتحادی ممالک نے مشترکہ طور پر لاپتہ فوجیوں کو تلاش کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اہلکاروں تلاش کا عمل جاری ہے۔




















