پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) میں جدید ترین ڈیزائن اینڈ ای کامرس سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا، تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران چیئرمین ایچ ای سی کو پی آئی ایف ڈی کے مختلف منصوبوں اور تعلیمی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیا ڈیزائن اینڈ ای کامرس سینٹر طلبہ، ڈیزائنرز، صنعتکاروں، ہنرمندوں اور کاروباری افراد کو جدید سہولیات فراہم کرے گا۔
حکام کے مطابق یہ سینٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، پروڈکٹ ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن بزنس ڈویلپمنٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نئے اسٹارٹ اپس کی معاونت بھی کرے گا۔
چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پی آئی ایف ڈی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیزائن ایجوکیشن کو ای کامرس سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تربیتی پروگرامز اور مقامی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
چیئرمین ایچ ای سی نے وائس چانسلر پی آئی ایف ڈی پروفیسر حنا طیبہ خلیل کی قیادت اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ فیکلٹی اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب میں صنعت سے تعلق رکھنے والی متعدد اہم شخصیات نے بھی شرکت کی اور پی آئی ایف ڈی کے صنعت سے مضبوط روابط اور طلبہ کو عملی میدان کے لیے تیار کرنے کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
چیئرمین ایچ ای سی نے پی آئی ایف ڈی میں جدید دیزائن اینڈ ای کامرس سینٹر کا افتتاح کر دیا
تقریب کے دوران چیئرمین ایچ ای سی کو پی آئی ایف ڈی کے مختلف منصوبوں اور تعلیمی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی






















