ٹرانسشپمنٹ کارگو کی دو ماہ میں ہینڈلنگ کا ریکارڈ قائم ہوگیا، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں کراچی پورٹ خطے میں اہم ہوگئی، یکم مارچ سے تیس اپریل تک کراچی پورٹ پر ٹرانسشپمنٹ کے 15 ہزار کنٹینرز کی ہینڈلنگ ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق 2024ء اور 2025 ءکے 2 سال میں بھی اتنا ٹرانسشپمنٹ کارگو ہینڈل نہیں ہوا تھا، کراچی پورٹ نے کل تاریخ میں پہلی بار مکمل ٹرانسشپمنٹ کارگو جہاز کی برتھنگ کا سنگ میل بھی حاصل کیا، چین کوایندھن سپلائی مستحکم رکھنے میں بھی کراچی پورٹ کے کردار میں اضافہ ہواہے۔
کے پی ٹی کے مطابق 2024-25میں ایک سال میں کراچی پورٹ پر کروڈ آئل کے 110 جہاز آئے،جولائی 2025 ءسے اپریل 2026 ءتک 10 ماہ میں کراچی پورٹ پر کروڈ آئل کے 106 جہاز آ چکےہیں، گزشتہ ایک سال میں جیٹ فیول کے20،جبکہ 10 ماہ میں 10 جہاز کراچی پورٹ پر لنگرانداز ہوئے۔
پچھلے ایک سال میں پیٹرول کے 37 جہاز جبکہ 10 ماہ میں 27 جہاز کراچی پورٹ پہنچے،پچھلے ایک سال میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کے 3 جبکہ 10 ماہ میں صرف ایک جہاز کراچی پورٹ آیا، کراچی پورٹ پرنیفتھا،فرنس آئل اورفیول آئل کےجہازوں کی آمدمیں نمایاں اضافہ ہوا،کراچی پورٹ پر10ماہ میں نیفتھاکے10،فرنس آئل کے 29 اور فیول آئل کے 8 جہاز آئے۔






















