ملک میں سونے کی قیمت میں رواں ماہ کے دوران مسلسل اضافے کا رجحان رہا، جس کے باعث ملک میں سونے کی قیمت تین ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ نومبر میں مجموعی طور پر فی تولہ سونا 7 ہزار روپے مہنگا ہوا۔
اعداد وشمار کے مطابق یکم نومبر کو فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار روپے تھی جو اب 2 لاکھ 21 ہزار ہوگئی ہے۔ جبکہ 10 گرام سونا ایک لاکھ 82 ہزار 616 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 89 ہزار 472 روپے ہوگیا۔
صرافہ مارکیٹ کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ کا اثر مقامی سطح پر دیکھا جارہا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے باعث سونے کی عالمی قیمت میں اضافے کا رحجان ہے۔
یکم نومبر کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا فی اونس ایک ہزار 996 ڈالر کا تھا، جو تیس روز میں 68 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 64 ڈالر ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر میں ہولڈرز اور سٹہ مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کی بدولت سونا ایک لاکھ 88 ہزار کی سطح پر آگیا تھا،تاجروں کے مطابق امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت مزید بڑھے گی۔