عالمی ادارے نے دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں سے متعلق سروے کیا، جس کے مطابق سنگاپور اور زیورخ دنیا کے مہنگے ترین شہر ہیں جبکہ سستے ترین شہروں میں دمش سرفہرست ہے، کراچی کا چوتھا نمبر ہے۔
معیشت اور شماریات کے مستند اور معروف ادارے ’’دی اکنامسٹ‘‘ نے دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی سال 2023ء کی فہرست میں 173 شہروں میں سے دنیا کے مہنگے ترین شہر سنگاپور اور زیورخ قرار پائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر نیویارک اور جنیوا مشترکہ طور پر براجمان ہیں جبکہ ہانگ کانگ، لاس اینجلس، پیرس، تل ابیب، کوپن ہیگن اور سان فرانسسکو بھی مہنگے ترین شہروں میں ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیٹا کیلئے 14 اگست سے 11 ستمبر 2023ء کے دوران سروے کرایا گیا، روزمرہ کی 200 اشیائے ضروریہ اور سروسز کا جائزہ لیا گیا جس میں 7.4 فیصد تک اضافہ ہوا تھا۔
دوسری جانب اسی ڈیٹا کے تحت دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست بھی تیار کی گئی جس میں شام کا دارالحکومت دمشق مسلسل چوتھی بار سستا ترین شہر قرار پایا، ایران کا دارالحکومت تہران دوسرے نمبر، لیبیا کا دارالحکومت تریپولی تیسرے اور پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی چوتھے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ازبکستان کا شہر تاشقند پانچویں، تیونس چھٹ، لوساکا ساتویں اور بھارت کا شہر احمد آباد آٹھویں پوزیشن پر ہے۔
علاوہ ازیں دنیا کے سستے ترین شہروں میں نویں اور دسویں نمبر پر بالترتیب نائیجریا کا شہر لاگوس اور بھارتی شہر چنائی ہیں۔