پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 40 فیصد کم کرنے کا اعلان ہوگیا۔
لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں فوری طور پر 25 فیصد کمی کرنے کا اعلان کردیا، متعدد نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے بھی کرایوں میں25فیصد کمی کردی۔ مزدا ٹرکوں کے کرایوں میں بھی 25 فیصد کمی ہوگئی۔
نئے کرایہ نامے کے مطابق مختلف شہروں کے درمیان کرایوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ ایک ہزار 32 روپے کمی کے بعد 2100 روپے، ملتان کا 817 روپے روپے کمی کے بعد 2450روپے اور ایبٹ آباد کا ایک ہزار روپے کمی کے بعد 3000 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح فیصل آباد کا کرایہ 437 روپے کمی کے بعد 1310 روپے، حیدرآباد کا 2710 روپے کمی کے بعد 8 ہزار 140 روپے جبکہ پشاور کا کرایہ 1032روپے کمی کے بعف 3100 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کے کرائے میں بھی 3 ہزار روپے کمی کے بعد نیا کرایہ 9 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی فوری کرائے40 فیصد کم کرنے کا اعلان کردیا، صدر پاکستان گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان بھرمیں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے فی الفور 40 روپے کم کردیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل بھی سستا ہوگیا۔ پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 83 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ڈیزل 134 روپے 81 پیسے فی لیٹرسستا کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 17 روپے 33 پیسے کمی کر دی گئی۔ نئی قیمت 450 روپے 15 پیسے ہو گئی۔
لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر 25 روپے 31 پیسے سستا کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 369 روپے 72 پیسے مقرر کر دی گئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو چکا ہے۔




















