چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں قائم مصنوعی ذہانت لیب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسرڈاکٹر شہزاد سرور و دیگر بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین کو جاری تحقیق، جدت پر مبنی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے تحقیق پر مبنی ماحول کے فروغ میں پی یو سی آئی ٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اعلیٰ تعلیم اور صنعت کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے عالمی تکنیکی رجحانات کے مطابق جدت، بین الشعبہ جاتی تحقیق اور مہارتوں کی ترقی کو فروغ دینے والے اقدامات کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے چیئرمین کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی تحقیق کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور ایسے گریجویٹس تیار کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو ڈیجیٹل دور کے نئے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔





















