چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو ایٹم بم اور متفقہ آئین دیا، آج اسی وجہ سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر راولپنڈی آرٹس کونسل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے خطاب میں کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستانی قوم کو شناخت، ون مین ون ووٹ کا تصور، آئین اور ایٹم بن کا تحفہ دیا۔ صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے سینیٹ کا فورم دیا ۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں جمہوریت مضبوط ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں پاکستان مضبوط ہے تو وہ ایٹمی صلاحیت کی وجہ سے ہے۔ آصف زرداری اور بلاول ، شہید بھٹو کے وژن کو لے کر چل رہے ہیں۔
برسی کی تقریب سے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا ذوالفقار علی بھٹو عام آدمی کے زندگی میں انقلاب لائے۔ بھٹو کو پھانسی دے کر سمجھا گیا کہ معاملہ ختم ہوگیا،لیکن ان کی بیٹی نے نعرہ لگایا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ یہی نعرہ بلاول نے بھی لگایا،جبکہ آصف زرداری نے پاکستان کھپےکا نعرہ لگایا۔ یہ پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری یاسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت ذوالفقار بھٹو کی مرہون منت ہے۔ بھٹو نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر بہترین انداز میں اجاگر کیا۔





















