احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے یوریا کھاد کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر جمعہ کو پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا اور قیمتوں کی ہفتہ وار نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
احسن اقبال نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی مؤثر نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کرایوں کا تعین دی جانے والی سبسڈی کے مطابق کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کو کرایوں کے تعین اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔
وفاقی وزیر نے صوبوں کو فوری طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے اور سبسڈی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی تھوک اور پرچون قیمتوں کے نوٹیفکیشنز جاری کرے۔






















