ابو ظہبی ٹی 10 لیگ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کی باؤلنگ فنگر پر چوٹ لگ گئی۔
یاد رہے کہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا آغاز 28 نومبر سے ہو چکا ہے جس میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جبکہ ایونٹ کے میچز ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ 9 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں میں دکن گلیڈی ایٹرز ، نیویارک اسٹرائیکرز، ناردرن واریئرز، موریس ویل سیمپ آرمی، دہلی بلز، ٹیم ابوظہبی، بنگال ٹائیگرز اور چنئی بریوز شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر ایونٹ کے دوران نیو یارک سٹرائیکرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بنگلا ٹائیگرز کے خلاف کھیلے جانے والے ایونٹ کے پانچویں میچ میں فیلڈنگ کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے محمد عامر کی باؤلنگ فنگر پر چوٹ لگی جس کے بعد وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
تاہم، ابتدائی طبی امداد کے بعد فاسٹ باؤلر گراؤنڈ میں واپس آئے اور انہوں نے باؤلنگ بھی کرائی۔
دوسری جانب بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمد عامر کی باؤلنگ فنگر کی سکین رپورٹ آنے کے بعد ان کی اگلے میچ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
مذکورہ میچ میں محمد عامر نے دو اوورز کرائے تاہم، کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے اور ان کی ٹیم نے کامیابی بھی سمیٹی۔
خیال رہے کہ ابوظہبی T10 دنیا میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد ٹورنامنٹ اور کرکٹ کی مختصر ترین لیگ ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی طرف سے منظور اور امارات کرکٹ بورڈ سے الحاق شدہ ہے۔