برطانیہ کے دفترِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی دفتر کے ڈائریکٹر جنرل پولیٹیکل، ایڈ لیویلن نے اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ایڈلیویلن نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دورے کے دوران ایڈ لیویلن نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی پاکستانی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور شہری تنصیبات پر حملوں کے خاتمے کے لیے برطانیہ کے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس سلسلے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایڈ لیویلن نے پاکستان کی طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی روابط کے فروغ میں شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ دورہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے دوران برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ہماری شراکت داری مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، اور علاقائی استحکام اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مکالمہ ناگزیر ہے۔






















