شوبز انڈسٹری چھوڑ کر مذہب سے رشتہ جوڑنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے اپنے بیٹے طارق جمیل اور شوہر مفتی انس کے ساتھ پاکستان کے معروف اسلامی مبلغ مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی۔
بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک خوبصورت ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے بیٹے طارق جمیل کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات کروا رہی ہیں، مولانا طارق جمیل ننھے طارق جمیل کو گود میں لیکر پیار کررہے ہیں۔
ثناء خان نے ویڈیو میں اپنے بیٹے کے چہرے کو بلر کردیا ہے۔
ثناء خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ جونیئر طارق جمیل، مولانا طارق جمیل سے ملاقات کررہے ہیں، مولانا کو دیکھ کر واقعی اللہ یاد آجاتا ہے، وہ اندر اور باہر سے خوبصورت انسان ہیں۔
View this post on Instagram
ثناء خان نے مزید لکھا کہ مولانا طارق جمیل مجھ سمیت کئی لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بنے، اللہ انہیں سلامت رکھے اور صحت عطاء فرمائے۔
بھارت کی سابق اداکارہ کا کہنا ہے کہ مولانا نے ہمیشہ مجھے بیٹی کہا اور اپنے حکمت بھرے الفاظ سے مجھے بہت زیادہ صبر دیا۔
ثناء خان نے مزید لکھا کہ لوگ آپ کو توڑنے کی کوشش کرسکتے ہیں اور آپ کو اپنے مکر کا نشانہ بناسکتے ہیں لیکن ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا اور یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے بھی ایک امتحان ہے۔
واضح رہے کہ ثناء خان نے 20 نومبر 2020ء کو بھارتی گجرات سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت مفتی انس سعید سے شادی کی تھی، اس جوڑے کے ہاں 5 جولائی 2023ء کو بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام اُنہوں نے مولانا طارق جمیل سے متاثر ہو کر طارق جمیل رکھا۔
اس حوالے سے ثناء خان کا کہنا تھا کہ نام کا شخصیت پر بہت اثر پڑتا ہے اور وہ اپنے بیٹے کیلئے ایک ایسا نام چاہتی تھیں جو دین داری اور دیانت داری کی علامت ہو۔