محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ یکم اپریل سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جو 4 اپریل تک مختلف علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش جبکہ گلیات میں بارش کے ساتھ برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے میدانی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر کراچی سمیت اندرون سندھ میں 2 سے 4 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس موسمی نظام کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مغربی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔





















