محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی شام سے 29 مارچ تک موسلادھار بارشوں کے باعث شمالی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ دوسری جانب بالائی و وسطی خیبر پختونخوا میں آج شام سے 30 مارچ تک مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اتوار کے روز بھی ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔





















