نئی دہلی، پیرس، دبئی، لندن اور تہران میں پاکستانی سفارتخانوں میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، پاکستانی سفارتخانوں میں پرچم کشائی بھی کی گئی، قومی پیغامات اور حب الوطنی کے اظہار کی گونج دنیا بھر میں سنائی دی۔
پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا جہاں ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے قومی پرچم لہرایا اور صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے دفاع کی صلاحیت رکھنے والی قومیں ہی آزاد رہتی ہیں، پاکستان کا ڈیٹرنس علاقائی امن کی ضمانت ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے ممکن ہے۔
پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان پر پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا جبکہ قومی ترانے کی دھن پر سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پرچم کشائی کی۔ مسلح افواج کے افسران نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی دی اور تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دبئی میں پاکستان قونصل خانے میں بھی یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی جہاں قونصل جنرل حسین محمد نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں قونصل خانے کے افسران اور پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ قومی قیادت کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
ابوظہبی میں تقریب کا آغاز سفیرِ پاکستان شفقت علی خان کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا جس کے ساتھ قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
لندن میں پاکستان ہاؤس میں یوم پاکستان کی پُروقار تقریب ہوئی جہاں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی پرچم لہرایا اور مسلح افواج کے افسران نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی اور سفارتی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تہران میں پاکستان ہاؤس میں بھی یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے قومی پرچم لہرایا ۔





















