خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جارحیت کے حوالے سے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، عمان، قطر اور کویت کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد مشترکہ طور پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی اور استحکام کے تحفظ، علاقوں کے تحفظ ، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں ایرانی سفیر دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ہماری سرزمین کو نشانہ بنانا ہماری خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایرانی حملے قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
بیان کے مطابق ایران بین الاقوامی معاہدوں، قراردادوں اور تسلیم شدہ اصولوں کو پامال کررہا ہے، ان اقدامات سے بے گناہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالی گئیں، ایران کی کسی بھی وضاحت یا عذر کو امارات قطعی طور پر مسترد کرتا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق امارات اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف عسکری کارروائی کے لیے استعمال ہونے نہیں دے گا، ایرانی حملوں کے دوطرفہ تعلقات پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، امارات اپنی خودمختاری کے احترام اور حملوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔






















