معروف ٹی وی اور ریڈیو میزبان ساحر لودھی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے میں ایسی باتیں بھی پتہ ہیں جو کوئی اور نہیں جانتا۔
پاکستان میڈیا انڈسٹری کے مقبول میزبان ساحر لودھی نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور سوشل میڈیا پر اپنے خلاف ٹرولنگ پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مجھے جتنا مرضی بُرا یا غلط کہے، مجھ پر تنقید کرے، مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن جب ایک بار میری 2 سال کی بیٹی کو ناقدین نے گالی دی تو مجھ سے برادشت نہیں ہوا، جس کے بعد سے مجھے سوشل میڈیا سے نفرت ہوگئی۔
دوران گفتگو انہوں نے مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ہونیوالی آخری ملاقات کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ ڈاکٹر صاحب کے انتقال سے 15 دن پہلے اُن سے میری ملاقات ہوئی تھی، جب اُن کا انتقال ہوا تو مجھے یقین نہیں آیا اور یوں لگا جیسے میں نے اپنا بھائی کھودیا۔
ساحر لودھی نے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت میرے بہت اچھے دوست تھے، میں اُن کے بارے میں وہ باتیں بھی جانتا ہوں جو کوئی دوسرا نہیں جانتا، میں نے لوگوں میں اُنہیں پیسے بانٹتے ہوئے بھی دیکھا ہے، میں روزانہ اُن کی قبر پر جاتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنی زندگی میں دو لوگوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے، ایک امجد صابری اور دوسرے عامر لیاقت حسین، دونوں سچے انسان تھے اور میرے بہترین دوست تھے۔
ساحر لودھی نے عامر لیاقت پر تنقید کرنیوالوں کو جوابی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم انسان ہیں اور ہر انسان سے ہی کہیں نہ کہیں غلطی ہوتی ہے لیکن جب کسی سے کوئی غلط کام ہوجاتا ہے تو ہم خود کو نیک سمجھنے لگ جاتے ہیں اور پھر دوسروں کی غلطیوں پر اُنہیں پرکھنا شروع کردیتے ہیں، ایسا ہی عامر لیاقت کے ساتھ لوگوں نے کیا۔
اُنہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ لوگوں نے عامر لیاقت کیخلاف بہت غلط باتیں کیں، ہمیں کسی کے خلاف باتیں نہیں کرنی چاہئیں کیونکہ غلطیاں ہم سب ہی کرتے ہیں۔